نئی دہلی،20؍اگست (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) دہلی کی ایک عدالت نے ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ کے بیٹے کو منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں آج ضمانت دے دی ہے ۔ خصوصی جج اروند کمار نے 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی ہی رقم کی ضمانت پروکرم دتیا سنگھ کو راحت دی۔
عدالت نے ملزم پر کئی شرائط بھی لگائی جن میں بغیر پیشگی اجازت کے ملک چھوڑ کر جانا اور کیس میں کسی بھی گواہ کو متاثر کرنے کی عدم کوشش کرنا شامل ہے۔ای ڈی کی جانب سے پیش ہوئے این کے مٹا اور نتیش رانا نے ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ ملزم رہا ہونے کا غلط فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ عدالت اب اس معاملے کی اگلی سماعت 19 ستمبر کو کرے گی۔
عدالت نے منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں 24 جولائی کو و کرم دتیا سنگھ اور دیگر کو سمن جاری کیا تھا اور 27 اگست کو حاضر ہونے کو کہا تھا۔ معاملہ میں وکرما دتیا سنگھ کے خلاف ای ڈی کی طرف سے 21 جولائی کو دائرکیے گئے چارج شیٹ پر عدالت سماعت کر رہی تھی۔ اس کیس میں ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلی بھی شامل ہیں۔ چارج شیٹ میں ترانی انفراسٹرکچر کے منیجنگ ڈائریکٹر وکا ملا اور رام پرکاش بھاٹیہ کا نام بھی ملزم کے طور پر شامل ہے۔